https://follow.it/amir-samdani?action=followPub

Friday 15 January 2021

حضرت ابوبصیر رضی اللہ عنہ

 صلح حدیبیہ سے فارغ ہو کر جب نبئ کریم صلی اللہ  علیہ وسلم مدینہ واپس تشریف لائے تو سب سے پہلے جو صاحب مکہ سے ہجرت کر کے مدینہ آئے وہ حضرت ابو بصیر رضی اللہ  عنہ تھے۔ مشرکین مکہ نے فوراً ہی دو آدمیوں کو مدینہ بھیجا کہ ہمارا آدمی واپس کر دیجئے۔ نبئ کریم صلی اللہ  علیہ وسلم نے حضرت ابو بصیر رضی اللہ عنہ سے فرمایا کہ ” تم مکے چلے جاؤ، تم جانتے ہو کہ ہم نے کفارقریش سے معاہدہ کرلیا ہے اور ہمارے دین میں عہد شکنی اور غداری جائز نہیں ہے ” حضرت ابو بصیر رضی اللہ  عنہ نے عرض کیا کہ یا رسول اللہ ! کیا آپ مجھے کافروں کے حوالہ فرمائیں گے تاکہ وہ مجھ کو کفر پر مجبور کریں ؟ آپ صلی اللہ  علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ تم جاؤ ! خداوند کریم تمہاری رہائی کا کوئی سبب بنا دے گا۔ آخر مجبور ہو کر حضرت ابو بصیر رضی اللہ  عنہ دونوں مشرکوں کی حراست میں مکہ واپس ہو گئے۔ لیکن جب مقام ” ذوالحلیفہ ” میں پہنچے تو سب کھانے کے لئے بیٹھے اور باتیں کرنے لگے۔ حضرت ابو بصیر رضی اللہ  عنہ نے ایک مشرک سے کہا کہ اجی ! تمہاری تلوار بہت اچھی معلوم ہوتی ہے۔ اس نے خوش ہو کر نیام سے تلوار نکال کر دکھائی اور کہا کہ بہت ہی عمدہ تلوار ہے اور میں نے با رہا لڑائیوں میں اس کا تجربہ کیا ہے۔ حضرت ابو بصیر رضی اللہ  عنہ نے کہا کہ ذرا میرے ہاتھ میں تو دو۔ میں بھی دیکھوں کہ کیسی تلوار ہے ؟ اس نے ان کے ہاتھ میں تلوار دے دی۔ انہوں نے تلوار ہاتھ میں لے کر اس زور سے تلوار ماری کہ مشرک کی گردن کٹ گئی اور اس کا سر دور جا گرا۔ اس کے ساتھی نے جو یہ منظر دیکھا تو وہ سر پر پیر رکھ کر بھاگا اور سر پٹ دوڑتا ہوا مدینہ پہنچا اور مسجد نبوی میں پہنچ گیا۔ حضور صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم نے اس کو دیکھتے ہی فرمایا کہ یہ شخص خوفزدہ معلوم ہوتا ہے۔ اس نے ہانپتے کانپتے ہوئے بارگاہ نبوت میں عرض کیا کہ میرے ساتھی کو ابو بصیر نے قتل کر دیا اور میں بھی ضرور مارا جاؤں گا۔ اتنے میں حضرت ابوبصیر رضی اللہ  عنہ بھی ننگی تلوار ہاتھ میں لئے ہوئے آن پہنچے اور عرض کیا کہ یا رسول اللہ ! اللہ تعالیٰ نے آپ کی ذمہ داری پوری کردی کیونکہ صلح نامہ کی شرط کے مطابق آپ نے تو مجھ کو واپس کردیا۔ اب یہ اللہ  کی مہربانی ہے کہ اس نے مجھ کو ان مشرکوں سے نجات دے دی۔ حضور صلی اللہ  علیہ وسلم کو اس واقعہ سے بڑا رنج پہنچا اور آپ صلی اللہ  علیہ وسلم نے خفا ہو کر فرمایا کہ

وَيْلُ اُمِّهٖ مِسْعَرُ حَرْبٍ لَوْ کَانَ لَهٗ اَحَدٌ

اس کی ماں مرے ! یہ تو لڑائی بھڑکا دے گا کاش اس کے ساتھ کوئی آدمی ہوتا جو اس کو روکتا۔

حضرت ابو بصیر رضی اللہ  عنہ اس جملہ سے سمجھ گئے کہ میں پھر مشرکین کی طرف لوٹا دیا جاؤں گا، اس لئے وہ وہاں سے چپکے سے کھسک گئے اور ساحل سمندر کے قریب مقام ” عیص ” میں جا کر ٹھہرے۔ ادھر مکہ سے حضرت ابو جندل رضی اللہ عنہ اپنی زنجیر کاٹ کر بھاگے اور وہ بھی وہیں پہنچ گئے۔ پھر مکہ کے دوسرے مظلوم مسلمانوں نے بھی موقع پاکر مشرکین مکہ کی قید سے نکل نکل کر یہاں پناہ لینی شروع کردی۔ یہاں تک کہ اس جنگل میں ستر آدمیوں کی جماعت جمع ہوگئی۔ کفار قریش کے تجارتی قافلوں کا یہی راستہ تھا۔ جو قافلہ بھی آمدورفت میں یہاں سے گزرتا، یہ لوگ اس کو لوٹ لیتے۔ یہاں تک کہ کفار قریش کے ناک میں دم کردیا۔ بالآخر کفار قریش نے خدا اور رشتہ داری کا واسطہ دے کر حضور صلی اللہ علیہ وسلم کو خط لکھا کہ ہم صلح نامہ میں اپنی شرط سے باز آئے۔ آپ لوگوں کو ساحل سمندر سے مدینہ بلا لیجئے اور اب ہماری طرف سے اجازت ہے کہ جو مسلمان بھی مکہ سے بھاگ کر مدینہ جائے آپ اس کو مدینہ میں ٹھہرا لیجئے۔ ہمیں اس پر کوئی اعتراض نہ ہوگا۔

(بخاری باب الشروط في الجهاد ج۱ ص۳۸۰ )

یہ بھی روایت ہے کہ قریش نے خود ابو سفیان کو مدینہ بھیجا کہ ہم صلح نامہ حدیبیہ میں اپنی شرط سے دست بردار ہو گئے۔ لہٰذا آپ حضرت ابو بصیر رضی اللہ عنہ کو مدینہ میں بلا لیں تاکہ ہمارے تجارتی قافلے ان لوگوں کی غارت گری سے محفوظ ہو جائیں۔ چنانچہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت ابو بصیر رضی اللہ  عنہ کے پاس خط بھیجا کہ تم اپنے ساتھیوں سمیت مقامِ ” عیص ” سے مدینہ چلے آؤ۔ مگر افسوس ! کہ فرمانِ رسالت ان کے پاس ایسے وقت پہنچا جب وہ نزع کی حالت میں تھے۔ مقدس خط کو انہوں نے اپنے ہاتھ میں لے کر سر اور آنکھوں پر رکھا اور ان کی روح پرواز کر گئی۔ حضرت ابو جندل رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل جل کر ان کی تجہیز و تکفین کا انتظام کیا اور دفن کے بعد ان کی قبر شریف کے پاس یادگار کے لئے ایک مسجد بنا دی۔ پھر فرمان رسول کے بموجب یہ سب لوگ وہاں سے آکر مدینہ میں آباد ہوگئے۔

(مدارج النبوة ج ۲ ص۲۱۸

Thursday 14 January 2021

کرسی پر بیٹھ کر نماز اداکرنا کب جائز ہے؟

جو شخص کسی بیماری کی وجہ سے  کھڑے ہونے پر قادر نہ ہو یا کھڑے ہونے پر  تو قادر ہو، لیکن زمین پر بیٹھ کر سجدہ کرنے پر قادر نہ ہو، یا قیام و سجود کے ساتھ نماز  پڑھنے کی صورت میں بیماری میں اضافہ یا شفا ہونے میں تاخیر یا ناقابل برداشت شدید قسم کا درد ہونے کا غالب  گمان ہو، تو ان صورتوں میں کرسی پر بیٹھ کر نماز پڑھنا درست ہے۔   کسی قابلِ برداشت معمولی درد یا کسی موہوم تکلیف کی وجہ سے فرض نماز میں قیام کو ترک کردینا اور کرسی یااسٹول پر بیٹھ کر نماز پڑھنا جائز  نہیں۔ زمین پر سجدہ کرنے اور قیام پر قدرت ہونے کی صورت میں اگر فرض و واجب نماز میں قیام ترک کردیاتو نماز ادا نہیں ہوگی۔

اسی طرح فرض نماز  میں مکمل قیام پر تو قادر نہ ہو، لیکن کچھ دیر کھڑا ہو سکتا ہے،تو ایسے شخص کے لیے اتنی دیر کھڑا ہونا فرض ہے، اگرچہ کسی چیز کا سہارا لینا پڑے، اس کے بعد بقیہ نماز بیٹھ کر پڑھنا درست ہے، اگرزمین پر سجدہ کرنے کی قدرت ہوتو زمین پر بیٹھ کرنماز پڑھیں، اور اگر زمین پر بیٹھنے میں  ناقابلِ برداشت تکلیف ہو تو  کرسی پر بیٹھ کر نماز پڑھ سکتے ہیں ۔

جو  شخص قیام پر تو قادر ہو،  لیکن کمر یا گھٹنے کی تکلیف کی وجہ سے زمین پر سجدہ کرنے پر قادر نہ ہو تو اس سے قیام بھی ساقط ہوجاتا ہے۔

جو شخص قیام پر تو قادر نہیں، لیکن زمین پر بیٹھ کر سجدہ کرنے پر قادر ہے تو اس کے لیے اشارہ سے سجدہ کرنا جائز نہیں، ایسے شخص کے لیے حکم یہ ہے کہ زمین پر بیٹھ کر باقاعدہ سجدے کے ساتھ نماز ادا کرے، صرف اشارے سے  سجدہ کرنا کافی نہیں ہوگا۔۔

"وإن تعذرا لیس تعذرہما شرطا؛ بل تعذر السجود کاف لا القیام أومأ قاعداً، وہو أفضل من الإیماء قائما لقربہ من الأرض"۔ (درمختار)

وفي الشامي: "بل کلہم متفقون علی التعلیل بأن القیام سقط؛ لأنہ وسیلۃ إلی السجود؛ بل صرح في الحلیۃ: بأن ہذہ المسألۃ من المسائل التي سقط فیہا وجوب القیام مع انتفاء العجز الحقیقي والحکمي"۔ (درمختار مع الشامي ۲؍۵۶۷) فقط واللہ اعلم


Monday 11 January 2021

اہل جنت کی زبان

 حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہ سے  مروی یہ  روایت  کہ : عرب سے تین وجوہات کی بنا پر محبت کرو، کیوں کہ میں عربی ہوں، اور قرآن عربی میں ہے، اور اہلِ جنت کی زبان عربی ہوگی"۔

 محدثین  کے نزدیک موضوع و من گھڑت ہے، بعض نے  اسےانتہائی ضعیف، اور بعض نے منکر قرار دیا ہے صرف علامہ سیوطی اور حافظ السلفی نے اسے  بلاکسی دلیل واضح کےبالترتیب  صحیح اور حسن  کہا ہے۔

"عن ابن عباس رضي الله عنه قال: قال رسول الله صلى الله عليه وسلم: "أحبوا العرب لثلاث: لأني عربي، والقرآن عربي، وكلام أهل الجنة عربي".

لسان الميزان میں ہے: "منكر ضعيف المتن، لا أصل له". ( ٤ / ٤٦٧)

الضعفاء الكبيرمیں ہے: "منكر لا أصل له". (٣ /٣٤٩)

المعجم الأوسط للطبرانيمیں ہے: "لم يرو هذا الحديث عن ابن جريج إلا يحيى بن بريد تفرد به العلاء بن عمرو". ( ٥ / ٣٦٩)

شعب الإيمان للبيهقيمیں ہے: "تفرد به العلاء بن عمرو". ( ٢ / ٦٩٩)

موضوعات ابن الجوزي ( ٢ / ٢٩٢)

نسخة نبيط بن شريط الأشجعي ( الذهبي) میں ہے: "[فيه] أحمد بن إسحاق بن إبراهيم بن نبيط بن شريط روى عن أبيه عن جده بنسخة فيها بلايا، لايحل الاحتجاج به؛ فهو كذاب". ( ص: ٥١)

ميزان الاعتدال للذهبيمیں ہے: "موضوع". ( ٣ / ١٠٣)

محجة القرب للعراقيمیں ہے:"ضعيف". ( ص: ٨٩)

مجمع الزوائد للهيثميمیں ہے:   "فيه العلاء بن عمرو الحنفي وهو مجمع على ضعفه‏‏". ( ١٠ / ٥٥)

المقاصد الحسنة للسخاويمیں ہے: "[فيه] ابن يزيد والراوي عنه ضعيفان وله شاهد". ( ص: ٤٢)

النكت على الموضوعات للسيوطيمیں ہے: "ضعيف لا صحيح ولا موضوع". ( ص: ٣٠٦)

الجامع الصغير للسيوطي میں ہے: "صحيح". ( ص: ٢٢٤)

"اقتضاء الصراط المستقيم" میں ہے:   "وكذلك روى أبو جعفر محمد بن عبد الله الحافظ الكوفي المعروف بمطين حدثنا العلاء بن عمرو الحنفي حدثنا يحيى بن زيد الأشعري حدثنا ابن جريج عن عطاء عن ابن عباس رضي الله عنهما قال: قال رسول الله صلى الله عليه وسلم:"أحب العرب لثلاث: لأنه عربي ، والقرآن عربي ، ولسان أهل الجنة عربي".  قال الحافظ السلفي: هذا حديث حسن . فما أدري أراد حسن إسناده على طريقة المحدثين، أو حسن متنه على الاصطلاح العام، وأبو الفرج بن الجوزي ذكر هذا الحديث في الموضوعات، وقال : قال الثعلبي: لا أصل له، وقال ابن حبان: يحيى بن زيد يروي المقلوبات عن الأثبات، فبطل الاحتجاج به، والله أعلم". (1/158)