https://follow.it/amir-samdani?action=followPub

Tuesday 3 August 2021

محرم اورعزاداری کی توہین

 لکھنو: آل انڈیا شیعہ حسینی کونسل کے صدر معروف دانشور اور عالم دین علی ناصر سعید عبقاتی عرف آغا روحی نے اتر پردیش کے بدلتے منظر نامے کے حوالے سے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اگر عوام کو تحفظ فراہم کرنے اور ریاست میں قیامِ امن کے لیے متعین کئے گئے افسران ہی غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کریں گے، تو ملک کے امن پسند اور جمہوریت میں یقین رکھنے والے لوگوں کے کئے مسائل مزید ابتر و پیچیدہ ہوجائیں گے۔

روح الملت کے مطابق کورونا کی گائڈ لائن کے نام پر اتر پردیش کے ڈی جی پی کے تحریری بیان اور ہدایت نامے نے صرف اہل تشیع حضرات کے جذبات کو ہی مشتعل و مجروح نہیں کیا ہے بلکہ محرم کی تقدیس اور کربلا کی روح پر بھی ضرب کاری کی ہے۔ ہندوستان کی سب سے بڑی ریاست کے ڈائرکٹر جنرل پولس کی زبان اور طرز تحریر نے ان تمام لوگوں کو مایوس کیا ہے جو ملک اور بالخصوص اتر پردیش میں شیعہ سنی اور ہندو مسلم اتحاد کے حامی ہیں۔ اور اس اتحاد و اتفاق کے لیے اپنے جائز حقوق جذبوں اور خواہشوں کی قربانیاں بھی پیش کرتے رہے ہیں۔ 

واضح رہے کہ اتر پردیش کے ڈی جی پی کی جانب سے کورونا کے نام پر جاری کی گئی اڈوائزری میں محرم کے دوران ادا کیے جانے والے عوامل کے تعلق سے جو کچھ تحریر کیا گیا تھا، اس کو لے کر علماء کرام اور عوام کی جانب سے سخت رد عمل کا اظہار کیا گیا ہے۔ کچھ علماء نے مطالبہ کیا ہے کہ ڈی جی پی کو معافی مانگنی چاہئے جبکہ کچھ لوگوں نے یہ الزام بھی عائد کیا کہ آئندہ الیکشن میں مفاد حاصل کرنےکے لئے حکومت اپنی پرانی حکمت عملی کی طرف لوٹ رہی ہے اور ڈی جی پی کا یہ ہدایت نامہ اسی منصوبہ بند حکمت عملی کا ایک شاخسانہ ہے۔ 

No comments:

Post a Comment