https://follow.it/amir-samdani?action=followPub

Wednesday, 15 January 2025

اسلام میں دھوکہ دہی کی مذمت

 شریعت مطہرہ میں کسی بھی قسم کی دھوکہ دہی اور جھوٹ بولنے پر شدید وعیدیں وارد ہوئی ہیں ، چنانچہ ایک روایت میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے جھوٹ کو مسلمان کی شان کے خلاف بتایا ہے، اور فرمایا کہ:"مومن ہر خصلت  پر ڈھل سکتا ہے سوائے خیانت اور جھوٹ کے"۔ایک اور روایت میں جھوٹ بولنے کو منافق کی علامت قرار دیا گیا ہے۔

اسی وجہ سے آج ہمارے معاشرہ میں بے برکتی ہے،ہر شخص اپنی اپنی جگہ پریشان ہے،اگر اس دھوکہ بازی اور ملاوٹ سے توبہ نہیں کی گئی تو ہمارا حال اور برا ہوجائے گا،حدیث شریف میں حضور صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے:

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ایک غلہ فروخت کرنے والے کے پاس سے گزرے، آپ نے اپنا ہاتھ غلہ کے اندر ڈالا تو ہاتھ میں کچھ تری محسوس ہوئی، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے پوچھا یہ تری کیسی ہے؟ غلہ کے مالک نے عرض کیا یا رسول اللہ! اس پر بارش ہو گئی تھی، آپ نے فرمایا تم نے اس بھیگے ہوئے غلہ کو اوپر کیوں نہ رکھا تاکہ لوگ اس کو دیکھ لیتے،جس شخص نے دھوکا دیا وہ ہم میں سے نہیں ہے۔

لہذا ہمیں چاہیے کہ اپنے معاشرے کو ان چیزوں سے پاک کریں،جو لوگ بھی دھوکہ دہی کرتے ہیں وہ حضور کے ان ارشادت کو سامنے رکھیں اور اس فعل سے اجتناب کی کوشش کریں۔

مسند احمد میں ہے:

"حدثنا وكيع قال: سمعت الأعمش قال: حدثت عن أبي أمامة قال: قال رسول الله صلى الله عليه وسلم: يطبع المؤمن على الخلال كلها إلا الخيانة والكذب."

( ج: 36، صفحه: 504، رقم الحدیث: 22170، ط: مؤسسة الرسالة)

مسلم شریف میں ہے:

" (102) وحدثني ‌يحيى بن أيوب، ‌وقتيبة، ‌وابن حجر جميعا، عن ‌إسماعيل بن جعفر . قال ابن أيوب: حدثنا إسماعيل قال: أخبرني ‌العلاء ، عن ‌أبيه ، عن ‌أبي هريرة « أن رسول الله صلى الله عليه وسلم مر على صبرة طعام فأدخل يده فيها، فنالت أصابعه بللا، فقال: ما هذا يا صاحب الطعام؟ قال: أصابته السماء، يا رسول الله. قال: أفلا جعلته فوق الطعام كي يراه الناس؟ ‌من ‌غش ‌فليس مني."

(ج:1، ص:69، ط: دار المنھاج)

کرایہ کی دوکان میں میراث

 کرایہ کی جگہ خواہ دوکان ہو یا مکان کرایہ دار کی ملکیت نہیں ہوتی ہے ، لہٰذا اگر کرایہ دار کا انتقال ہوجائے تو وہ کرایہ کی جگہ شرعا اس کی وراثت میں شامل نہیں ہوگی

الدکان بالأجرۃ الیسیرۃ یدفع للناظر دراہم تسمی خدمة، ہي في الحقیقة تکملة أجرۃ المثل أو دونہا، وکذا إذا مات صاحب الخلو أو نزل عن خلوہ لغیرہ یأخذ الناظر من الوارث أو المنزول لہ دراہم تسمی تصدیقًا، فہٰذہ تحسب من الاجرۃ ایضا.


الھدایة: (317/3، ط: سعید)
و اذا مات احد المتعاقدين وقد عقد الاجارة لنفسه انفسخت الاجارة؛ لانه لو بقي العقد تصيرالمنفعة المملوكة له او الاجرة المملوكة له لغير العاقد مستحقة بالعقد، لانه ينتقل بالموت إلى الوارث، وذلك لايجوز۔
وان عقدها لغيرہ الم تنفسخ؛ مثل الوكيل والوصی و المتولى في الوقف، لانعدام ما اشرنا الیه من المعنی۔

تکبیر تحریمہ کے وقت ہاتھ کہاں تک اٹھانا چاہئے

 احادیث مبارکہ میں تکبیر تحریمہ کے وقت  ہاتھ اٹھانے سے متعلق تینوں طریقے (کندھوں تک، کانوں کی لو تک اور کانوں تک ) احادیث مبارکہ سے ثابت ہیں، علماءِ احناف کے ہاں مرد وں کے  لیے تکبیر تحریمہ کہتے وقت کانوں تک ہاتھ اٹھانا مستحب ہے ، کیوں کہ اس میں تینوں طرح کی روایات پر عمل ہو جاتا ہے، اس طرح کہ گٹے کندھوں کی محاذات میں، انگوٹھے کانوں کی لو کے محاذات میں اور ہاتھ کی انگلیاں کانوں کے محاذات میں،باقی کانوں کی لو کو  ہاتھ لگانا ضروری نہیں ہے، تاہم کندھوں تک ہاتھ اٹھانا بھی اللہ کے رسول سے ثابت ہے اس لیے اگر کوئی شخص کندھوں تک ہاتھ اٹھاتا ہے تو وہ گناہ گار نہ ہوگا۔

معجم الکبیر للطبرانی میں ہے:

"عن وائل بن حجر قال جئت النبي صلى الله عليه وسلم فقال لي رسول الله صلى الله عليه وسلم يا وائل بن حجر إذا صليت فاجعل يديك حذاء أذنيك والمرأة تجعل يديها حذاء ثدييها."

(ج:9، ص:144، رقم:17497، ط:دار الفکر) 

"ترجمہ: حضرت وائل بن حجر رضی اللہ عنہ بیان فرماتے ہیں کہ میں حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوا (درمیان میں طویل عبارت ہے، اس میں ہے کہ) آں حضرت صلی اللہ علیہ و سلم نے مجھے ارشاد فرمایا: اے وائل! جب تم نماز پڑھو تو اپنے دونوں ہاتھ کانوں تک اٹھاؤ اور عورت اپنے دونوں ہاتھ اپنی چھاتی کے برابر اٹھائے۔"

مؤطا مالک میں ہے:

"عن نافع، أن عبد الله بن عمر كان «إذا افتتح الصلاة، رفع يديه حذو ‌منكبيه."

(ج:1، ص:77، ط:دار احیاء)

صحیح مسلم میں ہے:

"عن ‌مالك بن الحويرث أن رسول الله صلى الله عليه وسلم « كان إذا كبر رفع يديه حتى يحاذي ‌بهما ‌أذنيه."

(ج:2، ص:7، ط:دار الطباعت)

فتاوی شامی میں ہے:

"(ورفع يديه) قبل التكبير، وقيل: معه (ماساً بإبهاميه شحمتي أذنيه) هو المراد بالمحاذاة؛ لأنها لاتتيقن إلا بذلك، ويستقبل بكفيه القبلة، وقيل: خديه (والمرأة) ولو أمة كما في البحر لكن في النهر عن السراج أنها هنا كالرجل وفي غيره كالحرة (ترفع) بحيث يكون رءوس أصابعها (حذاء منكبيها) وقيل: كالرجل.

مسبوق بقیہ نماز میں ثناء پڑھے کہ نہیں

 نماز میں ثناء پڑھنا سنت ہے، اگر کوئی شخص امام کے نماز شروع کرنے کے بعد آکر نماز میں شامل ہو تو اس کے لیے یہ حکم ہے کہ اگر امام نے بلند آواز سے قراءت شروع کردی ہو تو وہ ثناء نہ پڑھے، اگر امام نے بلند آواز سے قراءت شروع نہیں کی، یا امام نے قراءت شروع کردی، لیکن  سری نماز ہونے کی وجہ سے بلند آواز سے نہیں، جیسا کہ ظہر اور عصر  کی نماز میں تو  بعد میں شامل ہونے والا ثناء پڑھ کر شامل ہوجائے۔ اور اگر کوئی رکعت چھوٹ جائے تو امام کے سلام پھیرنے کے بعد اللہ اکبر کہہ کر کھڑا ہو اور سب سے پہلے ثناء پڑھے۔ 

جماعت میں ایک یا زائد رکعت کے چھوٹ جانے اور اسے اداکرنے کے بارے میں تفصیل مندرجہ ذیل ہے:

دو رکعت والی فرض نماز (فجر) میں اگر ایک رکعت چھوٹ جائے تو امام کے سلام پھیرنے کے بعد مسبوق سلام پھیرے  بغیرے کھڑا ہوجائے اور سب سے پہلے ثناء پڑھے پھر اعوذ باللہ اور بسم اللہ پڑھنے کے بعد سورہ فاتحہ اور دوسری سورت پڑھ کر رکوع وسجدہ کرے اور قعدہ میں بیٹھ کر التحیات، درود شریف اور دعا پڑھ کر سلام پھیر دے۔ اور اگر فجر کی دوسری رکعت کے رکوع کے بعد امام کے ساتھ شامل ہوا ہو تو امام کے سلام پھیرنے کے بعد مکمل دو رکعت ایسے ہی ادا کرنی ہوں گی جیسے انفرادی پڑھتے ہوئے ادا کرنی ہوتی ہیں۔

تین رکعت والی فرض نماز (مثلاً مغرب) کی نماز میں اگر ایک رکعت چھوٹ جائے تو اسی مذکورہ طریقے پر اسے ادا کرے جو طریقہ دو رکعت والی نماز کے بارے میں بیان کیا گیا، اور اگر تین رکعت والی نماز میں دو رکعت چھوٹ گئیں تو امام کے سلام پھیرنے کے بعد کھڑے ہوکر  ثناء پڑھے پھر اعوذ باللہ اور بسم اللہ پڑھنے کے بعد سورہ فاتحہ اور دوسری سورت پڑھ کر رکوع وسجدہ کرے اور قعدہ میں بیٹھ کر التحیات پڑھ کر دوبارہ کھڑا ہوجائے، پھر بسم اللہ، سورہ فاتحہ اور دوسری سورت پڑھنے کے بعد  رکوع وسجدہ کرے اور قعدہ میں بیٹھ کر التحیات، درود شریف اور دعا پڑھ کر سلام پھیر دے۔ اور اگر مغرب کی تیسری رکعت کے رکوع کے بعد امام کے ساتھ شامل ہو تو امام کے سلام کے بعد پوری تین رکعت اسی ترتیب سے ادا کرنی ہوں گی جس طرح انفرادی طور پر ادا کی جاتی ہیں۔

چار رکعت والی فرض نماز (ظہر، عصر، عشاء) میں اگر ایک رکعت چھوٹ گئی تو اسے اوپر بیان کردہ طریقہ پر ہی پڑھے، اگر چار رکعت والی نماز میں دو رکعتیں چھوٹ گئیں تو  امام کے سلام پھیرنے کے بعد کھڑے ہوکر  ثناء پڑھے پھر اعوذ باللہ اور بسم اللہ پڑھنے کے بعد سورہ فاتحہ اور دوسری سورت پڑھ کر رکوع وسجدہ کرنے کے بعد قعدہ میں نہ بیٹھے، بلکہ سیدھا کھڑا ہوجائے، پھر بسم اللہ، سورہ فاتحہ اور دوسری سورت پڑھنے کے بعد  رکوع وسجدہ کرے اور قعدہ میں بیٹھ کر التحیات، درود شریف اور دعا پڑھ کر سلام پھیر دے۔

چار رکعت والی نماز میں اگر تین رکعتیں چھوٹ جائیں تو ان کی ادائیگی کا طریقہ یہ ہے کہ امام کے سلام پھیرنے کے بعد کھڑے ہوکر  ثناء پڑھے پھر اعوذ باللہ اور بسم اللہ پڑھنے کے بعد سورہ فاتحہ اور دوسری سورت پڑھ کر رکوع وسجدہ کرے اور قعدہ میں بیٹھ کر التحیات پڑھ کر دوبارہ کھڑا ہوجائے، پھر بسم اللہ، سورہ فاتحہ اور دوسری سورت پڑھنے کے بعد  رکوع وسجدہ کرنے کے بعد قعدہ میں نہ بیٹھے، بلکہ سیدھا کھڑا ہوجائے ، پھر بسم اللہ اور سورہ فاتحہ پڑھ کر رکوع وسجدہ کرے اور قعدہ میں بیٹھ کر التحیات، درود شریف اور دعا پڑھ کر سلام پھیر دے۔

الفتاوى الهنديةمیں ہے:

’’(منها) أنه إذا أدرك الإمام في القراءة في الركعة التي يجهر فيها لايأتي بالثناء. كذا في الخلاصة. هو الصحيح، كذا في التجنيس. وهو الأصح، هكذا في الوجيز للكردري. سواء كان قريباً أو بعيداً أو لايسمع لصممه، هكذا في الخلاصة. فإذا قام إلى قضاء ما سبق يأتي بالثناء ويتعوذ للقراءة، كذا في فتاوى قاضي خان والخلاصة والظهيرية‘‘. (١/ ٩٠)

الدر المختارمیں ہے:

''ويقضي أول صلاته في حق قراءة، وآخرها في حق تشهد؛ فمدرك ركعة من غير فجر يأتي بركعتين بفاتحة وسورة وتشهد بينهما، وبرابعة الرباعي بفاتحة فقط، ولايقعد قبلها.''

و في الرد:

'' وفي الفيض عن المستصفى: لو أدركه في ركعة الرباعي يقضي ركعتين بفاتحة وسورة، ثم يتشهد، ثم يأتي بالثالثة بفاتحة خاصة عند أبي حنيفة. وقالا: ركعة بفاتحة وسورة وتشهد، ثم ركعتين أولاهما بفاتحة وسورة، وثانيتهما بفاتحة خاصة اهـ. وظاهر كلامهم اعتماد قول محمد''. (1/ 596، ط: سعید )

مقتدی کاامام کے پیچھے ثنا پڑھنا

 اگر امام جہری نماز میں  قراء ت شروع کردے اور مقتدی نے اب تک نماز شروع نہیں کی ہے، تو مقتدی کو اس وقت  نیت باندھ کر خاموش کھڑا ہوجانا چاہیے، ثنا نہ پڑھنی چاہیے، اور اگر امام نے ابھی قراء ت شروع نہیں کی ہے  تو ثنا پڑھ لینی چاہیے۔

2۔ اگر مقتدی ثنا پڑھ رہا تھا کہ امام نے  جہری نماز میں تلاوت شروع کردی تو مقتدی کو اسی وقت خاموش ہوجانا چاہیے،جتنی ثنا پڑھ لی بس اُسی قدر کا فی ہے۔

باقی سری نماز  میں  جب بھی قیام کی حالت میں  مقتدی امام کے ساتھ نماز میں شامل ہو جائے اس وقت ثناء پڑھ لے، خواہ امام نے قراءت شروع کی ہو یا نہ کی ہو اور چاہے مقتدی کو امام کی قراءت شروع کرنے کا علم ہو یا نہ ہو۔

فتاوى هندیہ میں ہے:

"(الفصل السابع في المسبوق واللاحق) المسبوق من لم يدرك الركعة الأولى مع الإمام وله أحكام كثيرة، كذا في البحر الرائق.
(منها) أنه إذا أدرك الإمام في القراءة في الركعة التي يجهر فيها لايأتي بالثناء، كذا في الخلاصة، هو الصحيح، كذا في التجنيس، وهو الأصح، هكذا في الوجيز للكردري، سواء كان قريبًا أو بعيدًا أو لا يسمع لصممه، هكذا في الخلاصة، فإذا قام إلى قضاء ما سبق يأتي بالثناء ويتعوذ للقراءة، كذا في فتاوى قاضي خان والخلاصة والظهيرية،وفي صلاة المخافتة يأتي به. هكذا في الخلاصة ويسكت المؤتم عن الثناء إذا جهر الإمام هو الصحيح. كذا في التتارخانية في فصل ما يفعله المصلي في صلاته."

(کتاب الصلاۃ،الباب الخامس في الإمامة،ج1،ص90۔91،ط؛دار الفکر)

Tuesday, 14 January 2025

دوران نماز صف سے نمازی نکل گیا تو خلاکو کیسے پر کریں

 دورانِ نماز اگر اگلی صف سے کوئی نمازی نکل جائے توپچھلی صف کے نمازی کو چاہیے کہ وہ آگے بڑھ کر خلا پر کردے۔اگر پچھلی صف کے نمازیوں میں سے کوئی آگے نہ بڑھے تو بعد میں آنے والے فرد کو چاہیے کہ وہ اس خلا کو پر کردے، چاہے اس کے لیے نمازی کے سامنے سے گزرنا یا صف کو چیر کر جانا کیوں نہ پڑے، خلا پر کرنے والا مذکورہ عمل کی وجہ سے گناہ گار نہ ہوگا۔ تنویر الابصار مع الدر میں ہے:

’’وَلَوْ وَجَدَ فُرْجَةً فِي الْأَوَّلِ لَا الثَّانِي لَهُ خَرْقُ الثَّانِي؛ لِتَقْصِيرِهِمْ، وَفِي الْحَدِيثِ: «مَنْ سَدَّفُرْجَةً غُفِرَ لَهُ»، وَصَحَّ: «خِيَارُكُمْ أَلْيَنُكُمْ مَنَاكِبَ فِي الصَّلَاةِ»، وَبِهَذَا يُعْلَمُ جَهْلُ مَنْ يَسْتَمْسِكُ عِنْدَ دُخُولِ دَاخِلٍ بِجَنْبِهِ فِي الصَّفِّ وَيَظُنُّ أَنَّهُ رِيَاءٌ، كَمَا بُسِطَ فِي الْبَحْرِ‘‘.

فتاوی شامی میں ہے:

’’وَفِي الْقُنْيَةِ: قَامَ فِي آخِرِ صَفٍّ وَبَيْنَهُ وَبَيْنَ الصُّفُوفِ مَوَاضِعُ خَالِيَةٌ فَلِلدَّاخِلِ أَنْ يَمُرَّ بَيْنَ يَدَيْهِ لِيَصِلَ الصُّفُوفَ؛ لِأَنَّهُ أَسْقَطَ حُرْمَةَ نَفْسِهِ، فَلَا يَأْثَمُ الْمَارُّ بَيْنَ يَدَيْهِ، دَلَّ عَلَيْهِ مَا فِي الْفِرْدَوْسِ عَنْ ابْنِ عَبَّاسٍ عَنْهُ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: «مَنْ نَظَرَ إلَى فُرْجَةٍ فِي صَفٍّ فَلْيَسُدَّهَا بِنَفْسِهِ؛ فَإِنْ لَمْ يَفْعَلْ فَمَرَّ مَارٌّ فَلْيَتَخَطَّ عَلَى رَقَبَتِهِ؛ فَإِنَّهُ لَا حُرْمَةَ لَهُ»، أَيْ فَلْيَتَخَطَّ الْمَارُّ عَلَى رَقَبَةِ مَنْ لَمْ يَسُدَّالْفُرْجَةَ. اهـ. (قَوْلُهُ: أَلْيَنُكُمْ مَنَاكِبَ فِي الصَّلَاةِ) الْمَعْنَى إذَا وَضَعَ مَنْ يُرِيدُ الدُّخُولَ فِي الصَّفِّ يَدَهُ عَلَى مَنْكِبِ الْمُصَلِّي لان لَهُ ط عَنْ الْمُنَاوِيِّ، (قَوْلُهُ: كَمَا بُسِطَ فِي الْبَحْرِ) أَيْ نَقْلًا عَنْ فَتْحِ الْقَدِيرِ حَيْثُ قَالَ: وَيَظُنُّ أَنَّ فَسْحَهُ لَهُ رِيَاءٌ بِسَبَبِ أَنْ يَتَحَرَّكَ لِأَجْلِهِ، بَلْ ذَاكَ إعَانَةٌ عَلَى إدْرَاكِ  الْفَضِيلَةِ  وَإِقَامَةٌ لِسَدِّ الْفُرُجَاتِ الْمَأْمُورِ بِهَا فِي الصَّفِّ، وَالْأَحَادِيثُ فِي هَذَا شَهِيرَةٌ كَثِيرَةٌ. اهـ‘‘. (١/ ٥٧٠ ، ٥٧١) 

صف میں خالی جگہ ہو تو اسے کیسے پر کریں

 تکبیر تحریمہ کہنے کے بعد اگر نمازی اگلی صف میں جگہ خالی دیکھے اور اس جگہ کو پر کرنے والے اس کے علاوہ کوئی اور نہ ہو تو  نمازی کو آگے بڑھ کر خلا کو پر کرنا چاہیے ،چاہے کسی نمازی کے نکلنے سے جگہ خالی ہوئی ہو یا بغیر نکلے ہی صف میں جگہ بن جائے،خالی جگہ پر کرنے کے لیے آہستہ آہستہ چلتے ہوئے اگلی صف میں جانا بھی درست ہے اور رک رک کر جانا بھی درست ہے۔

"بقي ما إذا رأى الفرجة بعد ما أحرم هل يمشي إليها؟ لم أره صريحا. وظاهر الإطلاق نعم، ويفيده مسألة من جذب غيره من الصف كما قدمناه فإنه ينبغي له أن يجيبه لتنتفي الكراهة عن الجاذب، فمشيه لنفي الكراهة عن نفسه أولى فتأمل."

(حاشية ابن عابدين : ط الحلبي (1/ 570)

ولو وجد فرجة في الأوّل لا الثاني لہ خرق الثاني لتقصیرہم وقال ابن عابدین تحتہ: أن الکلام فیما إذا شرعوا، وفي القنیة: قام في آخر صف وبین الصّفوف مواضع خالیہ فللدّاخل أن یمرّ بین یدیہ لیصل الصّفوف۔ (الدر مع الرد، کتاب الصلاة، باب الإمامة، ۲/۳۱۲، زکریا دیوبند)

تین بھائی اور چاربہنوں میں وراثت کی تقسیم

 مرحوم کے ذمہ اگر قرض ہو،  اسے ادا کرنے کے بعد ، اگر انہوں نے وصیت کی ہے تو بقیہ ترکے کے تہائی حصے  سے ان کی وصیت نافذ کرنے کے بعد  باقی مال  کو  دس حصوں میں تقسیم کیا جائے گا،  دو دو حصے ہر بھائی کو اور ایک ایک حصہ ہر بہن کو ملے گا، مکان اور ترکہ کے دیگر سامان کی مارکیٹ ویلیو کے اعتبار سے قیمت لگا کر اسی حساب سے تقسیم کی جائے گی

Monday, 13 January 2025

دوبارنماز جنازہ

  واضح رہے  کہ اگر میت کے اولیاء  نے  نماز جنازہ پڑھ  لی یا ان کی اجازت سےنماز جنازہ    پڑھائی گئی  تو نمازِ جنازہ ادا ہو گئی اور فر ضِ کفایہ ادا ہوگیا۔ دوبارہ جنازہ  ادا کرنا درست نہیں ؛ اس لیے کہ  نماز جنازہ میں اصل یہ ہے کہ ایک مرتبہ ہی پڑھی جائے ،ایک سے  زیادہ مرتبہ پڑھنا اصلًا مشروع نہیں ،لیکن  اگر  میت کے ولی نے نمازِ جنازہ نہیں پڑھی  اور نہ ہی اس کی اجازت سے پڑھی گئی، بلکہ ایسے لوگوں نے پڑھی جن کو اس میت پر ولایت کا حق نہیں  تو ولی اس کی نمازِجنازہ پڑھ سکتا ہے، لیکن اس دوسری جماعت میں صرف وہ لوگ شریک ہوں گے جو پہلی میں شریک نہیں تھے۔

لہذا صورتِ مسئولہ میں اگر پہلی  مرتبہ نماز جنازہ میں میت  کا ولی شریک  تھا یا ولی کی اجازت سے  نماز جنازہ ادا کی گئی تھی تو     دوبارہ نماز جنازہ پڑھنا درست نہیں تھا  خواہ پہلی مرتبہ تمام اولیاء شریک نہ ہوئے ہوں۔

فتاویٰ ہندیہ میں ہے:

"و لو صلّى علیه الولي، و للمیت أولیاء أخر بمنزلته، لیس لهم أن یعیدوا، کذا في الجوهرة النیرة."

(الفتاویٰ الهندیة، کتاب الصلاة، الباب الحادي و العشرون في الجنائز، الفصل الخامس في الصلاة على المیت، (1/164) ط: رشیدیه کوئٹه)

Friday, 10 January 2025

ہلکا خون مسوڑہے سے آیے تووضوکاحکم

 منہ یا دانتوں سے خون تھوک کے ساتھ مل کر آئے تو اگر خون تھوک پر غالب یا برابر ہے تو  وضو جاتارہے گا اور کم ہے تو وضو نہیں ٹوٹا ۔( ماخوذ از عمدۃ الفقہ ) خون غالب ہونے کا مطلب یہ ہے کہ تھوک کا رنگ سرخی مائل ہوجائے

Thursday, 2 January 2025

ماں کی زندگی کے خطرہ کے پیش نظر اسقاط حمل

 الحمد للہ والصلاۃ والسلام علی سیدنا رسول اللہ وآلہ وصحبہ ومن والاہ۔ فقہاءِ کرام اس بات پر متفق ہیں کہ اگر ماں کے پیٹ میں بچے کی عمر ایک سو بیس دن تک پہنچ جائے -اور اسی مدت میں بچے میں روح پھونکی جاتی ہے - تو اسقاطِ حمل جائز نہیں ہے بلکہ اس حالت میں اسقاط حمل قطعا حرام ہے۔ کیونکہ یہ اس جان کا قتل سمجھا جائے گا جسے ناحق قتل کرنا اللہ تعالی نے حرام قرار دیا ہے ؛ اللہ رب العزت نے فرمایا :﴿وَلَا تَقْتُلُوا أَوْلَادَكُمْ مِنْ إِمْلَاقٍ نَحْنُ نَرْزُقُكُمْ وَإِيَّاهُمْ﴾ یعنی: (اور تنگدستی کی وجہ سے اپنی اولاد کو قتل نہ کرو، ہم تمہیں بھی رزق دیں گے اور انہیں بھی)۔ [الأنعام: 151]، اور ارشادِ باری تعالی ہے: ﴿وَلَا تَقْتُلُوا النَّفْسَ الَّتِي حَرَّمَ اللَّهُ إِلَّا بِالْحَقِّ﴾ ]الإسراء: 33[۔ یعنی: (اور ناحق کسی جان کو قتل نہ کرو جس کا قتل اللہ نے حرام کیا ہے)۔

اور اگر ماں کے پیٹ میں موجود بچہ ایک سو بیس دن کی عمر تک نہ پہنچا ہو تو اس صورت میں اسقاط حمل کے حکم میں فقہاءِ کرام کا اختلاف ہے:
کچھ علماء کرام نے اسے حرام کہا ہے اور یہ مالکیہ اور ظاہریہ کا معتمد علیہ مذہب ہے۔
کچھ علماء کرام نے کہا ہے کہ یہ مطلقا مکروہ ہے ، اور یہ بعض مالکیہ کی رائے ہے۔
اور بعض فقہاءِ اسلام نے کہا کہ جب کوئی عذر پایا جا رہا ہو تو یہ جائز ہے ، اور یہ بعض احناف اور شافعیہ کی رائے ہے۔
اس فتوی میں راجح اور مختار رائے یہ ہے کہ اسقاط حمل حرام ہے چاہے روح پھونکے جانے سے پہلے ہو یا بعد میں ہو، سوائے اس صورت کہ جب کوئی شرعی ضرورت پائی جا رہی ہو؛ اور عادل اور ثقہ معالج نے یہ کہا ہو کہ اگر بچہ اپنی ماں کے پیٹ میں رہا تو ماں کی زندگی کو یا صحت کو خطرہ ہے تو ایسی صورت میں اس کا اسقاط حمل جائز ہے؛ یہ اس لئے کہ ماں کی مستحکم زندگی اور صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے اسے بچے کی غیر مستحکم زندگی پر ترجیح دی جائے گی۔
مکہ مکرمہ میں رابطہ عالمِ اسلامی کی اسلامی فقہی کونسل نے قرار دیا ہے: اگر حمل ایک سو بیس دن تک پہنچ گیا ہو ، تو اس کواسقاط کرنا جائز نہیں ہے ، اگرچہ طبی تشخیص بتاتی ہوکہ اس کی خلقت صحیح نہیں ہے۔ ہاں اگر سپیشلسٹ ڈاکٹروں کی میڈیکل کمیٹی کی رپورٹ سے ثابت ہو جائے کہ حمل کا جاری رکھنا ماں کیلئے ایک یقینی خطرے کا باعث ہے تو اس صورت دو نقصانوں میں سے بڑے نقصان سے بچنے کیلئے اسقاط جائز ہو گا]۔
اس کی بنیاد پر مذکورہ سوال کے جواب میں ہم کہیں گے: اگر ڈاکٹر کی رپورٹ میں کہا گیا ہو کہ حمل کو جاری رکھنا حاملہ ماں کی صحت کے لیے خطرہ ہے اور یہ اسے شدید نقصان پہنچا سکتا ہے ، تو ایسی صورت میں اسقاط حمل جائز ہو گا ، اور شریعتِ اسلام میں اس سے کوئی ممانعت نہیں ہو گی۔
والله سبحانه وتعالى أعلم.

Tuesday, 31 December 2024

غیرمسلموں سے سود لین یادینا

 واضح رہے کہ سودی معاملہ اور سودی لین دین نصِ قرآن واحادیثِ مبارکہ کی رو سے حرام ہے،  اسلام میں جس طرح سود دیناحرام و ناجائز ہے، اسی طرح سود لینابھی حرام و ناجائز ہے ، احادیثِ  مبارکہ میں دونوں پر وعیدیں وارد ہوئی ہیں،لہٰذا مسلمان خواہ دار الحرب میں ہو یا دار الاسلام میں،  سودی معاملہ مسلمان سے کرے یا غیر مسلم سے،  ہر حال میں ناجائز وحرام ہے۔

لہذا صورتِ مسئولہ میں غیر مسلموں سے  ایک یا  دو مہینے کی مدت تاخیر کرنے پر پانچ یا دس فیصد سود لینا جائز  نہیں ہے،چاہے اس رقم کو ہدیہ یا غرباء میں تقسیم کرنے ہی کی نیت کیوں نہ ہو، البتہ  اگر پہلے سودی معاملہ کیا گیا ہو اور رقم آگئی ہو تو  اگر کسی فرد سے لی ہو او وہ معلوم بھی ہو، تو اس کو لوٹانا شرعاً ضروری ہوگا، اور اگر اس شخص تک رقم پہنچانا دشوار ہو یا وہ معلوم نہ ہو ،تو کو بلا نیتِ ثواب سودی رقم کو  صدقہ کردے اور اپنے فعل پر توبہ واستغفار کرے۔

نیز اگر  کسٹمر سے ثمن كی وصوليابی ميں تاخیر کی وجہ سے دشواری پیش آرہی ہو، تو بائع  کو چاہیےکہ ادھار کی صورت میں اپنے مال کی قیمت بڑھاکر فروخت کرے اور جس قیمت پر فروخت کرے وہی قیمت وصول کرنا جائز ہوگا،تاخیر کی وجہ سے اس پر جرمانہ وصول کرنا ناجائز ہوگا۔

قرآنِ کریم میں باری تعالی کا ارشاد ہے :

"{یَا أَیُّهَا الَّذِیْنَ أٰمَنُوْا اتَّقُوْا اللّٰهَ وَذَرُوْا مَابَقِیَ مِنَ الرِّبوٰ إِنْ كُنْتُمْ مُّؤْمِنِیْنَ، فَإِنْ لَّمْ تَفْعَلُوْا فَأْذَنُوْا بِحَرْبٍ مِّنَ اللّٰهِ وَرَسُوْلِه}."

ترجمہ:…’’اے ایمان والو! اللہ سے ڈرو اور جو کچھ سود کا بقایا ہے اس کو چھوڑدو، اگر تم ایمان والے ہو، پھر اگر تم اس پر عمل نہیں کروگے تو اشتہار سن لو جنگ کا اللہ کی طرف سے اور اس کے رسول ﷺ کی طرف سے‘‘۔ [البقرۃ:۲۷۸،۲۷۹-بیان القرآن]

حدیث شریف میں ہے:

"عن جابر، قال: «لعن رسول الله صلى الله عليه وسلم آكل الربا، ومؤكله، وكاتبه، وشاهديه»، وقال: «هم سواء»".

(صحیح مسلم، باب لعن آکل الربوٰ و موکلہ، ج:1219،3،ط:داراحیاءالتراث العربی

Monday, 30 December 2024

کرسی پر نماز

 جو شخص بیماری کی وجہ سے کھڑے ہونے پر قادر نہیں، یا کھڑے ہونے پر قادر ہے، لیکن زمین پر بیٹھ کر سجدہ کرنے پر قادر نہیں ہے، یا قیام و سجود کے ساتھ نماز پڑھنے کی صورت میں بیماری میں اضافہ یا شفا ہونے میں تاخیر یا ناقابلِ برداشت درد کا غالب گمان ہو تو ان صورتوں میں کرسی پر بیٹھ کر نماز پڑھ سکتا ہے، البتہ کسی قابلِ برداشت معمولی درد یا کسی موہوم تکلیف کی وجہ سے فرض نماز میں قیام کو ترک کردینا اور کرسی پر بیٹھ کر نماز پڑھنا جائز نہیں۔

اسی طرح جو شخص فرض نماز میں مکمل قیام پر تو قادر نہیں، لیکن کچھ دیر کھڑا ہو سکتا ہے اور سجدہ بھی زمین پر کرسکتا ہے توایسے شخص کے لیے اُتنی دیر کھڑا ہونا فرض ہے، اگر چہ کسی چیز کا سہارا لے کر کھڑا ہونا پڑے، اس کے بعد بقیہ نماز زمین پر بیٹھ کر پڑھنا چاہیے۔

اور اگر زمین پر سجدہ کرنے پر قادر نہیں تو ایسی صورت میں شروع ہی سے زمین یا کرسی پر بیٹھ کر نماز پڑھ سکتا ہے۔ اور اس صورت میں اس کی نماز اشاروں والی ہوتی ہے، اور اس کے لیے بیٹھنے کی کوئی خاص ہیئت متعین نہیں ہے، وہ جس طرح سہولت ہو بیٹھ کر اشارہ سے نماز پڑھ سکتا ہے، چاہے زمین پر بیٹھ کر نماز پڑھے یا کرسی پر بیٹھ کر، البتہ زمین پر بیٹھ کر نماز پڑھنا زیادہ بہتر ہے، لہذا جو لوگ زمین پر بیٹھ کر نماز ادا کرسکتے ہیں تو زمین پر بیٹھ کر نماز ادا کریں، اور اگر زمین پر بیٹھ کر نماز پڑھنے میں مشقت ہوتو وہ کرسی پر بیٹھ کر فرض نمازیں، وتر اور سنن سب پڑھ سکتے ہیں۔

اشارہ سے نماز پڑھنے والے بیٹھنے کی حالت میں معمول کے مطابق ہاتھ باندھیں، اور سجدہ میں رکوع کی بنسبت ذرا زیادہ جھکیں، تشہد بھی معمول کے مطابق کریں، اور اگر زمین پر بیٹھنے کی صورت میں تشہد میں دو زانو ہو کر بیٹھنا مشکل ہوتو جس طرح سہولت ہو  مثلاً چار زانو (آلتی پالتی مار کر)، یا پاؤں پھیلا کر جس طرح سہولت ہو بیٹھ سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ جو شخص زمین پر سجدہ کرنے پر قادر نہ ہو اس کے لیے قیام پر قدرت ہونے کے باوجود قیام فرض نہیں ہے، لہٰذا ایسا شخص کرسی پر یا زمین پر نماز ادا کر رہاہو تو اس کے لیے دونوں صورتیں جائز ہیں: قیام کی حالت میں قیام کرے اور بقیہ نماز بیٹھ کر ادا کرے یا مکمل نماز بیٹھ کر بغیر قیام کے ادا کرے، البتہ دوسری صورت یعنی مکمل نماز بیٹھ کر ادا کرنا ایسے شخص کے لیے زیادہ بہتر ہ