https://follow.it/amir-samdani?action=followPub

Sunday 30 May 2021

ابھی کچھ لوگ باقی ہیں جہاں میں

 کیلیفورنیا کے صحافی پیٹر فرائیڈ رچ کی بطور احتجاج بھوک ہڑتال ۔ عطیہ سے دستبرداری کا مطالبہ

 کیلیفورنیا سے کام کرنے والے صحافی پیٹر فرائیڈ رچ نے ' جو امریکہ میں آر ایس ایس کی سرگرمیوں پر نظر رکھتے ہیں ' ٹوئیٹر کے چیف ایگزیکیٹیو آفیسر جیک ڈورسی کی جانب سے سنگھ سے تعلق رکھنے والی تنظیم سیوا انٹرنیشنل کو امریکہ میں 2.5 ملین ڈالرس کے عطیہ پر بھوک ہڑتال شروع کردی ہے ۔ ان کی ہڑتال تیسرے دن میں داخل ہوگئی ہے ۔ ٹوئیٹر پر رابطہ کرنے پر فرائیڈ رچ نے ' سیاست ڈاٹ کام ' کو بتایا کہ وہ سیوا انٹرنیشنل امریکہ کو دئے گئے اس عطیے کے خلاف بھوک ہڑتال کر رہے ہیں کیونکہ یہ آر ایس ایس سے تعلق رکھنے والی تنظیم ہے ۔ اس تنظیم کا مخالف اقلیتی تشدد کا ریکارڈ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آر ایس ایس کے بانیوں نے خود ہندوستانی اقلیتوں کو دبانے کا اعلان کیا تھا ۔ کیلیفورنیا سے سرگرم صحافی نے کہا کہ عالمی سیوا انٹرنیشنل تنظیم راست طور پر آر ایس ایس سے تعلق رکھتی ہے اور آر ایس ایس اس بین الاقوامی فنڈنگ کو ہندوستان میں آر ایس ایس کی طاقت میں اضافہ کیلئے استعمال کر رہی ہے ۔ انہوں نے عوام سے ان کی بھوک ہڑتال میں شامل ہونے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے یہ سفر تنہا شروع کیا ہے ۔ کئی افراد نے ان کی حمایت کی ہے لیکن کسی نے ان کی بھوک ہڑتال میں شمولیت اختیار نہیں کی ہے ۔ فرائیڈ رچ نے کہا کہ وہ ممکنہ حد تک اپنی بھوک ہڑتال جاری رکھیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ وہ یہ پیام دینے میں کامیاب رہیں گے کہ اس مسئلہ کو آسانی سے نہیں لیا جاسکتا ۔ یہ ہندوستان میں دبی کچلی اقلیتوں کی زندگی اور موت کا مسئلہ ہے جنہیں آر ایس ایس کی جانب سے اپنے ایجنڈہ کے ذریعہ مسلسل نشانہ بنایا جا رہا ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ انہیں کئی خود ساختہ ہندو نیشنلسٹس کے رد عمل ملا ہے اور ان کا کہنا تھا کہ میں چاہے مرن برت کروں یا فاقہ سے مر جاوں انہیں کوئی فرق نہیں پڑے گا ۔ فرائیڈ رچ نے بتایا کہ انہیں زیادہ تر دھمکیاں ٹوئیٹر پر اور پھر انسٹا گرام پر ملی ہیں۔ جاریہ ماہ کے اوائل میں ٹوئیٹر کے سی ای او جیک ڈورسی نے ہندوستان میں کورونا ریلیف کیلئے جملہ 15 ملین ڈالرس کا عطیہ دیا ہے ۔ اسے تین حصوں میں تقسیم کیا گیا اور سیوا انٹرنیشنل امریکہ کو 2.5 ملین ڈالرس کا حصہ دیا گیا ہے ۔فرائیڈ رچ نے اس عطیہ کو واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔

No comments:

Post a Comment